ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دفعہ 370 کو ختم کیے جانے پر کانگریس نے کہا، بی جے پی حکومت نے ملک کا سر کاٹا، ہندوستان سے غداری کی 

دفعہ 370 کو ختم کیے جانے پر کانگریس نے کہا، بی جے پی حکومت نے ملک کا سر کاٹا، ہندوستان سے غداری کی 

Mon, 05 Aug 2019 23:11:42    S.O. News Service

نئی دہلی، 05 اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں تقسیم کرنے کے مرکزی حکومت کے اقدامات کی تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے ملک کا سر کاٹ لیا ہے اور یہ ہندوستان کے ساتھ غداری ہے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے چین اور پاکستان کی سرحد سے متصل حساس ریاست کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے جس کا ان کی پارٹی اور دیگراپوزیشن پارٹی پرزور مخالفت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر جیسے سرحدی ریاست میں وہاں کے عوام کو ساتھ لئے بغیر صرف فوج کی بدولت دشمن سے نہیں لڑا جا سکتا۔کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ 1927 کے بعد ایسی انہونی پارلیمنٹ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔جموں و کشمیر کو ہندوستان کے ساتھ برقرار رکھنے کے لئے لاکھوں لوگوں نے قربانی دی ہے۔جب بھی دہشت گردی ہوئی  اس کا مقابلہ کشمیر کی عوام، وہاں کی مرکزی پارٹیاں اور ہمارے سیکورٹی فورسز نے کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کو ایک فارمولے میں باندھ کر 370 نے رکھا تھا لیکن بی جے پی کی حکومت نے اقتدار کے نشے میں اور ووٹ حاصل کرنے کے لئے جموں و کشمیر میں ایک جھٹکے میں تین چار چیزوں کو ختم کر دیا۔یہ ہندوستان کی تاریخ میں سیاہ الفاظ میں لکھا جائے گا۔ غلام نبی آزاد نے کہاکہ 370 کو ختم کر دیا اور اتنا ہی نہیں ریاست کو تقسیم کر دیا گیا۔جموں و کشمیر میں اب نائب گورنر ہوگا۔یہ تو کبھی خواب میں نہیں سوچا جا سکتا تھا کہ این ڈی اے حکومت یہاں تک جائے گی کہ جموں و کشمیر ریاست کا وجود ختم کر دے گی۔ انہوں نے کہاکہ ان کو پتہ نہیں کہ ایک طرف چین کی سرحد، ایک طرف پاکستان کی سرحد ہے اور ایک طرف پی او کی سرحدہے۔ایسے میں بی جے پی حکومت نے اس طرح سے ریاست کے ساتھ کھلواڑ کرکے ملک کے ساتھ غداری کرنے کاکام کیا ہے۔ کسی سرحدی ریاست میں صرف فوج کی بدولت دشمن کو نہیں روک سکتے۔اس کے لئے مقامی لوگوں کا اعتماد ہونا چاہیے۔بی جے پی حکومت نے آج ہمارے ملک کا سر کاٹ لیا۔بی جے پی کی حکومت نے ہندوستان کو بغیر سر بنا دیا۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ تمام سیکولر پارٹیاں مل کر لڑیں گی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے اپوزیشن کچھ بولتا تھا تو راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے چینل دکھاتے تھے۔لیکن آج صبح سے کانگریس، ترنمول کانگریس، سی پی ایم، سی پی آئی، ڈی ایم، سماجوادی پارٹی اور کئی دیگرجماعتوں کے لوگ اسٹیج کے قریب دھرنے پر بیٹھے ہیں جسے نہیں دکھایا جا رہا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہاکہ حکومت نے آئین کے دفعات کی غلط تشریح کی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں تمام سیاسی جماعتوں، ریاستوں اور ملک کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ ’ہندوستان کا خیال‘ سنگین خطرے میں ہے۔یہ ہندوستان کے آئینی تاریخ کا بہت ہی خراب دن ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے پیر کو راجیہ سبھا میں ایک قرارداد پیش کی جس میں جموں و کشمیر ریاست سے آئین کی دفعہ 370 ہٹانے اور ریاست کی تقسیم، جموں و کشمیر اور لداخ کے دو مرکزکے زیرانتظام علاقوں کے طور پر کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔


Share: